بنگلورو،30؍جولائی (ایس او نیوز) علاحدہ ریاست کامطالبہ ، بار ش کی تباہ کاری ، زرعی سرگرمیوں کے لئے درکار سہولتیں فراہم کرنا سمیت انتظامیہ میں تیزی لانے کے مقصد سے بروزپیر منگل وزیراعلیٰ کمار سوامی نے دوروزہ اجلاس طلب کیا۔ودھان سودھان کے کانفرنس ہال میں منعقد ہورہے اس اہم اجلاس میں وزراء ،چیف سکریٹری سمیت تمام محکمہ جات کے اعلیٰ افسران اضلاع کے انچارج سکریٹری، ڈپٹی کمشنرز ضلع پنچایت سی ای او ز شرکت کریں گے ۔ اجلاس کے دوران مانسون کی بارش کی وجہ سے جائیدادوں کو نقصان ،فصلوں کی تباہی ،سڑکوں کی خستہ حالت،بجلی کی سربراہی متاثر ہونے سے متعلق ضلع انتظامیہ سے تمام تفصیلات حاصل کی جائیں گی۔بارش کی وجہ سے تباہی اوران علاقوں میں عوام کو درپیش مسائل کی تفصیلات حاصل کرنے کے بعد درکار ضروری اقدامات کے لئے احکامات جاری کریں گے۔ فصلوں کی قیمتو ں میں ہوئی گراوٹ سے کسان برادری کو ہورہی پریشانی اوراس کیلئے کئے گئے راحت کاری کاموں سے متعلق بھی جائزہ لیں گے۔کسانوں کے زرعی قرضہ جات کی معافی کے اعلان کے بعد ضلع سطح پراس پر عمل کئے جانے کیلئے کئے گئے اقدامات کی تفصیلات حاصل کریں گے۔ اس کے علاوہ بجٹ میں اعلان شدہ پروگرامس کو جاری کرنے سے متعلق اعلیٰ افسروں کے ساتھ تبادلہ خیال کیاجائے گا ۔ اجلاس کے دوران عوامی مسائل کو فوری حل کرنے کیلئے افسران کو سخت ہدایات کے بھی دےئے جانے کا امکان ہے۔ ہر دن سینکڑوں افراد اپنے مسائل کو لے کر وزیراعلیٰ سے ملاقات کرتے ہیں۔ ایسے افراد کے مسائل ضلعی سطح پر ہی نپٹانے کیلئے وزیر اعلیٰ ڈپٹی کمشنرز اور ضلع پنچایت سی ای اوز کو ہدایت جاری کرنے والے ہیں۔ مانسون کے دوران کسان برادری کیلئے درکار بیج ،کھادکی فراہمی پر بھی افسران کے ساتھ تبادلہ خیال ہوگا۔